نئی دہلی28جولائی(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) کانگریس کے سینئر لیڈر پی چدمبرم نے مشرقی دہلی میں تین بچیوں کی مبینہ طور پر بھوک سے موت معاملے پر آج افسوس ظاہر کیا اور الزام لگایا کہ بی جے پی حکومت نے منریگا اور غذائی تحفظ قانون کا بے رحمی سے نظر انداز کیا ہے۔ چدمبرم نے ٹویٹ کر کہا کہ بچوں کی بھوک سے موت ہو گئی، یہ ہم سب کے لئے شرمناک اور دکھ کا باعث ہے۔ انہوں نے کہا کہ منیرگا کا یہ مقصد تھا کہ بھوک کا خاتمہ کیا جائے۔غذائی تحفظ قانون کو بھی بھوک کو ختم کرنے کے ارادے سے نافذ کیا گیا تھا۔ بی جے پی حکومت نے ان دونوں کی بے رحمی سے نظر انداز کیا ہے۔ غور طلب ہے کہ مشرقی دہلی کے منڈاولی علاقے میں مبینہ طور پر بھوک کی وجہ سے تین بچیوں کی موت ہو گئی تھی۔ دہلی کے نائب وزیر اعلی منیش سسودیا نے اعتراف کیا ہے کہ بھوک سے تین بچیوں کی موت کے لئے حکومت ذمہ دار ہے۔انہوں نے نجی ٹی وی NDTV انڈیا سے بات چیت میں کہا کہ حکومت کی ذمہ داری سے بچ نہیں سکتی ہے ۔